بنگلورو 10جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کرناٹک میں سیاسی گھمسان عروج پر پہنچ گیا ہے۔ بدھ کو کانگریس کے دو اور ممبران اسمبلی نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان ممبران اسمبلی کے نام ہے کے سدھاکر اور ایم ٹی بی ناگراج. اس کے ساتھ ہی کرناٹک کی کمار سوامی حکومت سے استعفیٰ دینے والے ممبران اسمبلی کی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 13 کانگریس کے ممبر اسمبلی ہیں اور 3 جنتا دل سیکولر کے ایم ایل اے ہیں۔
حکومت کی حمایت میں موجود ممبران اسمبلی کی تعداد اب 101 رہ گئی ہے۔ بی جے پی کا دعوی ہے کہ اسے 107 ممبران اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔اس دوران کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ انہوں نے کسی کا استعفیٰ اب تک قبول نہیں کیا ہے۔ کرناٹک کے اسپیکر نے کہا کہ میں نے کوئی استعفیٰ قبول نہیں کیا ہے، میں اسے راتوں رات نہیں کر سکتا ہوں، میں نے انہیں 17 جولائی تک کا وقت دیا ہے۔ میں قانونی طریقہ کار کا مطالعہ کروں گا پھر فیصلہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں قانون اپنا کام کرے گا، اور کسی کے لئے بھی قانون کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اس دوران بدھ کو اسمبلی میں جم کر ہنگامہ ہوا۔ ممبر اسمبلی کے سدھاکر نے جیسے ہی استعفیٰ دیا، انہیں کانگریس کے رہنماؤں اور اراکین اسمبلی نے گھیر لیا اور اپنے چیمبر میں لے گئے۔